ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اُردو یونیورسٹی میں اُردو سماجی علوم کانگریس، 15؍ نومبر کو افتتاح

اُردو یونیورسٹی میں اُردو سماجی علوم کانگریس، 15؍ نومبر کو افتتاح

Mon, 12 Nov 2018 18:33:02  SO Admin   S.O. News Service

حیدرآباد، 12؍ نومبر (پریس نوٹ؍ایس او نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اردو مرکز برائے فروغ علوم اور اسکول برائے فنون و سماجی علوم کے اشتراک سے دوسری قومی اردو سماجی علوم کانگریس 2018کا 15 اور 16 ؍ نومبر کو اہتمام کیا جارہا ہے۔ کانگریس کا موضوع ’’سماجی علوم میں ابھرتے رجحانات‘‘ ہے۔
پروفیسر شاہدہ، کنوینر و ڈین اسکول آف آرٹس اینڈ سوشل سائنس کے بموجب افتتاحی اجلاس جمعرات صبح9:30 بجے ، لائبریری آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ پروفیسر ایس اے آر بلگرامی، ریٹائرڈ پروفیسر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ ہی کے پروفیسر مہتاب منظر، شعبۂ سیاسیات اور پروفیسر نشاط قیصر، شعبۂ سماجیات مہمانانِ اعزازی ہوں گے۔ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر صدارت کریں گے۔ پروفیسر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر، خطبۂ استقبالیہ پیش کریں گے۔
پروفیسر رحمت اللہ، صدر نشین انتظامیہ کمیٹی کے بموجب اس کانگریس کا مقصد اُردو جاننے والے سماجی علوم کے اسکالرز، اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ وہ اردو میں سماجی علوم کی درس و تدریس اور تحقیق سے متعلق درپیش مسائل اور چیلنجز سے روبہ رو ہوسکیں اور سماجی معاملات کی تفہیم کے لیے اردو کو ایک مؤثر ذریعہ تعلیم و تعلم بنانے کے ذرائع اور مواقع دریافت کیے جاسکیں۔ ڈاکٹر عابد معز، شریک کنوینر نے سماجی علوم میں دلچسپی رکھنے والے افراد سے شرکت کی درخواست کی ہے۔
اردو یونیورسٹی میں قومی یومِ تعلیم پر ’’ڈرامہ لال‘‘ بستہ کی پیشکشی
حیدرآباد، 12؍ نومبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب کے تحت کل شام قومی یوم تعلیم کے موقع پر ڈرامہ ’’لال بستہ‘‘ پیش کیا گیا۔ جناب معراج احمد، اسسٹنٹ پروفیسر اس کے ڈائرکٹر تھے۔ تحریر جناب انکت کی تھی۔ پروگرام کا آغاز مولانا ابوالکلام آزاد کے ایک خط کے اقتباس سے ہوا جسے ایم سی جے کے طالب علم محمد نوشاد نے پیش کیا۔ ڈرامے میں طلبہ فرید الدین، مشیرہ، طلحہ عباسی اور امیر خسرونے حصہ لیا۔ اس میں آج کے دور کی مصروف زندگی کو پیش کیا گیا تھا جس میں نجی زندگی کے لیے وقت کی تنگی ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر فیروز عالم، اسسٹنٹ پروفیسر، مرکز برائے مطالعاتِ اردو ثقافت نے شکریہ ادا کیا۔ ایم سی جے کے طلبہ ناز رضا اور محمد ظفر ، ایم سی جے ؛ محمد نقیب، بی ایس سی، ضیاء اللہ، بی ٹیک، محمد طارق ، ایم سی اے نے پروڈکشن میں حصہ لیا۔

 


Share: